گوجرانوالہ موٹروے: وزیراعلیٰ پنجاب نے تکمیل کیلئے ڈیڈلائن دے دی
10-22-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 25 دسمبر تک گوجرانوالہ موٹروے لنک روڈ کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی حتمی ڈیڈلائن دے دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور لاہور،سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کامعائنہ کیاانہوں نے سڑک کی تعمیر کے لئے جاری کاموں کاجائزہ لیااور تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دو رویہ سڑک کی جلد تکمیل کے لئے ایف ڈبلیو او کے حکام کو ہدایات دیں ،انہوں نے 15.2کلومیٹر بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا فضائی معائنہ کیا اور روٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ کا ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس ہوا، ایف ڈبلیو او حکام نے منصوبہ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15.2کلومیٹر طویل روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر مجموعی طور پر 57فیصد کام مکمل ہوچکا ہے،بے نظیر چوک سے واہنڈو انٹر چینج تک زیر تعمیر روڈ پر80 فیصد ارتھ ورک مکمل کرلیا گیاہے، محسن نقوی نے گوجرانوالہ موٹروے لنک روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولنے کی 25 دسمبر کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی۔ یہ بھی دیکھیں: محسن نقوی کا راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 25دسمبر کو گوجرانوالہ موٹروے کے ساتھ لنک ہوجائے گا، منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ تا لاہور کا فاصلہ 45 منٹ سے کم رہ جائے گا، 7ارب 88کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے دو رویہ سڑک کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایف ڈبلیو او حکام، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔