ڈیڈلائن کے بعدغیر قانونی مقیم تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا:پنجاب حکومت
10-22-2023
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، پنجاب حکومت نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پنجاب چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ تمام متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو اس ضمن میں ضروری اہداف سونپ دیئےگئے، اجلاس میں 9مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف درج کیسز کے چالان کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری قانون سمیت متعلقہ حکام شریک ہوئے، کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔