نواز شریف کی آمد، جاتی امرا کی رونقیں بحال ہو گئیں

10-22-2023

(لاہور نیوز) شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا کی رونقیں بحال ہو گئیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف چار سال بعد اپنی جاتی امرا رہائش گاہ پر موجود ہیں، مینار پاکستان پر جلسہ عام کے بعد میاں نواز شریف جاتی امرا پہنچے تھے، رات گئے تک مسلم لیگ ن کے رہنما بھی جاتی امرا موجود رہے۔ آج صبح سے ہی جاتی امرا کے باہر صفائی کا عمل جاری ہے، ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار اڈہ پلاٹ سے جاتی امرا تک صفائی میں مصروف نظر آئے، اڈہ پلاٹ سے آگے جاتی امرا تک سڑک کے اطراف نواز شریف اور پارٹی فلیکسز کی بھرمار ہے، مختلف رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے لگی فیلکسز پر خیر مقدمی نعرے درج ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس اہلکار بھی جاتی امرا کے گیٹ پر سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہیں، میاں نواز شریف کی آج بھی لیگی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔