عروہ حسین نے بے جا تنقید پر سوشل میڈیا صارف کو کھری کھری سنا دیں
10-21-2023
(لاہور نیوز) پاکستانی اداکارہ عروہ حسین نے ایک سوشل میڈیا صارف کو بے جا تنقید کرنے پر کھری کھری سنا دیں۔
گزشتہ روز عروہ حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے والدین کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور اپنی والدہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک طویل پیغام بھی لکھا۔مذکورہ برتھ ڈے پوسٹ میں شامل تصاویر میں عروہ حسین نے سفید شلوار قمیض اور دوپٹہ پہنا ہوا ہے جس پر سیاہ دھاگے سے کی گئی کڑھائی دیکھی جاسکتی ہے۔ عروہ حسین کی پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں ایک سوشل میڈیا صارف نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ عروہ آپ یہ لباس کتنی دفعہ پہنیں گی؟صارف کا یہ کمنٹ کرنا ہی تھا کہ عروہ حسین نے اس کمنٹ کو بے تکہ جانتے ہوئے سخت ردِ عمل دے ڈالا۔ انہوں نے لکھا کہ جتنی بار میرا دل کرے گا اور جب تک میں اس جوڑے کو استعمال کرسکتی ہوں کرتی رہوں گی۔انہوں نے مزید لکھا کہ آپ بھی اپنے کپڑوں کو ایک سے زائد مرتبہ پہننے کی عادت ڈالیں اس سے پیسہ اور وقت دونوں ہی بچتے ہیں اور آج کی دنیا میں دنیاوی چیزوں سے زیادہ قیمتی چیز وقت ہی ہے۔ عروہ حسین نے اس پیغام کے آخر میں لکھا کوشش کریں کہ آئندہ ایسے احمقانہ سوالات کرنے اور لوگوں کو فضول خرچی کی ترغیب دینے سے گریز کریں اس سے بھی وقت بچتا ہے۔عروہ حسین کا یہ سبق آموز جواب جہاں تنقید کرنے والے صارف کیلئے کافی تلخ ثابت ہوا وہیں دیگر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس رد عمل کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔