نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اور کتنے چلے گئے: مریم نواز

10-21-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے کتنے چلے گئے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مینار پاکستان پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو خوش آمدید کہتی ہوں، مینار پاکستان میں سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر والے بھی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ رنگ روڈ، موٹرویز سمیت ہر جگہ رش رہا، میں نے تقریر نہیں کرنی صرف نواز شریف کریں گے، اللہ جسے چاہے عزت اور ذلت دے، اللہ کسی کو ختم نہ کرے تو کوئی کسی کو ختم نہیں کر سکتا، آج کے دن پر شکر ادا کرتی ہوں۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اور کتنے چلے گئے، جو کہتے تھے ان کی سیاست ختم ہو گئی وہ بھی آج سکرین پر دیکھ رہے ہوں گے، میں سمجھتی تھی مینار پاکستان بہت بڑی جگہ ہے، مسلم لیگ ن کے شیروں کے لئے مینار پاکستان چھوٹا پڑ گیا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ جلسہ گاہ میں پورا پاکستان موجود ہے، 28 مئی کو نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا تھا، مریم نواز نے نعرہ تکبیر کے نعرے بھی لگائے۔