نواز شریف کی لاہور آمد، ہیلی کاپٹر سے جلسہ گاہ پہنچے

10-21-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچے، ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ آئے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور کے لئے روانہ ہوئے تھے، اسلام آباد ایئر پورٹ سے فلائٹ تقریبا 2 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی تھی، لاہور پہنچنے پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے استقبال کیا۔ نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد سے 35 منٹ میں لاہور پہنچا، میاں نواز شریف وی آئی پی گرین چینل سے لاہور ایئرپورٹ سے باہر نکلے، دیگر مسافروں کو لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن کے مراحل سے گزرنا پڑا، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ بھی نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچے۔  سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، نواز شریف کے لاہور ایئرپورٹ پر اترتے ہی سیسنا طیاروں سے گل پاشی کی گئی، واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف دبئی سے اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں کچھ گھنٹے قیام کے بعد لاہور کے لئے روانہ ہوئے تھے۔