نواز شریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے، قانونی دستاویزات پر دستخط

10-21-2023

(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے۔

سینئر لیگی رہنما اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جبکہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔ سابق وزیراعظم کا طیارہ FZ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگور کے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔ سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ امیگریشن عمل مکمل ،قانونی دستاویزات پر دستخط نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا اور ان کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی  ہے ۔ ایئرپورٹ پر سٹیٹ لاؤنج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کر دیئے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی قانونی ٹیم نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔ نواز شریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہو گئے، سابق وزیراعظم نواز شریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔