پہلے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بہت گالیاں سننا پڑیں: فہد مصطفیٰ

10-21-2023

(ویب ڈیسک) معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں اپنے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر بہت گالیاں سُننے کو ملی تھیں۔

حال ہی میں فہد مصطفیٰ نے اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی ، جس میں اُنہوں نے اپنے کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔ فہد مصطفیٰ نے اپنے شوبز کیریئر کے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘سال 2003 میں جب میرا پہلا ڈرامہ آیا تھا تو اُس ڈرامے کے ہدایت کار اقبال انصاری تھے اور اُنہیں معلوم نہیں تھا کہ میں اداکار صلاح الدین تنیو کا بیٹا ہوں’۔ اداکار نے کہا کہ ‘اقبال انصاری ڈرامے کے سیٹ پر سب کے سامنے میری کلاس لگاتے تھے اور شوٹنگ کے دوران مجھے نہایت ہی غلیظ قسم کی گالیاں بھی سُننے کو ملتی تھیں’۔ اُنہوں نے کہا کہ ‘میں نے اس بات پر اقبال انصاری سے شکوہ بھی کیا تھا جس پر انہوں نے مجھے کہا تھا کہ مستقبل میں دیکھنا تم دوسرے اداکاروں سے بہت آگے ہوگے’۔ فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ‘اس وقت تو مجھے اقبال انصاری کی بات سمجھ نہیں آئی تھی لیکن آج جب شوبز میں اپنا مقام دیکھتا ہوں تو اُن کی سالوں پہلے کہی ہوئی بات سمجھ آتی ہے’۔ اداکار نے کہا کہ ‘میں نے بطورِ پروڈیوسر تقریباَ 100 ڈرامے، فلمیں اور دیگر شوز پروڈیوس کیے ہیں جبکہ میں نے اداکاری سے زیادہ پیسے مارننگ شو اور گیم شو سے کمائے ہیں’۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ‘میں نے جب فلموں میں اداکاری کرنا شروع کی تو وہ وقت میرے لیے ایسا تھا کہ جیسے میں نے ابھی اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھا ہو’۔