ورلڈکپ میں آج دو مقابلے: نیدرلینڈ کا میچ سری لنکا،انگلینڈ کا جنوبی افریقہ سے ہوگا

10-21-2023

(لاہورنیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ 2023ء میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، نیدر لینڈ اور سری لنکا جبکہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے آئیں گی۔

ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے 19 ویں میچ میں نیدرلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے بھارت کے شہر لکھنئو کے ایکانا سپورٹس سٹی کرکٹ سٹیڈیم میں اتریں گی۔ ورلڈ کپ 2023ء کا 20 واں اور آج کا دوسرا میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کے درمیان ہوگا، پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں دوپہر ڈیڑھ بجے ممبئی کے واکھنڈے کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ چاروں ٹیمیں عالمی ایونٹ میں اپنے 3، 3 میچز کھیل چکی ہیں، نیدر لینڈ کو ایک میچ میں کامیابی اور 2 میں شکست ہوئی ہے جبکہ سری لنکا کو اپنے تینوں میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم بھی اپنے 3 میچز میں سے 2 میں ناکام رہی جبکہ ایک جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، جنوبی افریقہ 2 میچز جیت چکی جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔