4 سال بعد وطن واپسی، نواز شریف کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں موجود

10-21-2023

(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد آج وطن پہنچ رہے ہیں، ان کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔

نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ دبئی ایئرپورٹ سے ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بجکر 42 منٹ پر روانہ ہوا۔ قائد مسلم لیگ ن کی دبئی سے اسلام آباد خصوصی پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے جس کے تحت نوازشریف کا جہاز تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم کے خصوصی چارٹر طیارے کو فضائی حدود کے استعمال اور لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے، قانونی ٹیم میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر شامل ہوں گے، نواز شریف کو دونوں کیسز سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، اعظم نذیر تارڑ نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچیں گے، امجد پرویز سمیت قانونی ٹیم کے دیگر ممبرز اسلام آباد میں ہی رکیں گے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔