خبردار!پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگانا،پاک آسٹریلیا میچ میں بھارتی اہلکار اور پاکستانی شہری میں تکرار

10-20-2023

(ویب ڈیسک)بھارت میں جاری پاک آسٹریلیا کے ورلڈکپ میچ کے دوران بھارتی پولیس اہلکار نے سٹیڈیم میں موجود پاکستانی شہری کو 'پاکستان زندہ باد ' کہنے سے روک دیا۔

بظاہر بنگلورو کے چنا سوامی سٹیڈیم میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میچ میں سٹیڈیم میں موجود بھارتی پولیس کے ایک اہلکار نے پاکستان کی شرٹ زیب تن کیے ہوئے فین کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے منع کردیا۔ واقعہ کی ویڈیو  پاکستانی اداکار اور یوٹیوبر ارسلان نصیر  نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی پولیس اہلکار پاکستانی فین سے بحث کر رہا ہے اور اسے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روک رہا ہے۔ پاکستانی فین نے پولیس اہلکار سے کہا کہ میچ چل رہا ہے، ہم  پاکستان سے آئے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے نہیں لگائیں گے تو کیا بولیں گے۔ ارسلان نصیر نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ' اچھا ایسے چلتی ہے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت؟ 'زبردست شو انڈیا!