مینار پاکستان میں مسلم لیگ ن کا جلسہ، شہریوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری

10-20-2023

(لاہور نیوز) مینار پاکستان میں مسلم لیگ ن کے جلسہ کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کیلئے ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات، ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 15 سو سے زائد وارڈنز تعینات ہونگے۔ شرکا جلسہ کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 16 پارکنگ پوائنٹس مختص، ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لئے راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ گجرات، گوجرانوالہ، کامونکی جی ٹی روڈ سے آنے والے کالا شاہ کاکو براستہ ایسٹرن بائی پاس، رنگ روڈ جلسہ گاہ تک پہنچیں گے۔ سٹی کچہری چوک سے آنے والی گاڑیاں شرکا کو اتار کر سگیاں رنگ روڈ پر پارک ہونگیں۔ نیازی شہید چوک سے آنے والی گاڑیاں مولانا احمد علی روڈ پر اتار کر واپس رنگ روڈ پر کھڑی کی جائیں گی۔ چیف ٹریفک آفیسر کا مزید کہنا ہے کہ دفتر محکمہ جنگلات اور لاری اڈا بس سٹینڈ کی پارکنگ کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ راستہ ایپ، ہیلپ لائن 15 سے شہریوں کو ٹریفک صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔