سرکاری حج سکیم 2024ء: فی کس11لاکھ وصول کیے جائینگے
10-20-2023
(ویب ڈیسک) آئندہ سال حج پر 28 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے، سرکاری حج سکیم کے تحت فی کس11لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔
وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن کے لیے وزارت خزانہ سے رابطہ کر لیا، ڈالر کا بوجھ کم کرنے کیلئے آئندہ برس بھی سپانسر شپ سکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سپانسر شپ سکیم کے تحت 10ہزارعازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سپانسرشپ سکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازمی ہوگا، سپانسرشپ سکیم میں حج اخراجات کی رقم ڈالرز میں وصول کی جائے گی، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور ان کے رشتہ دار اس سکیم کے تحت حج کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق سپانسرشپ سکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے،2024 کے حج کیلئے پا کستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210 ہے، 50 فیصد کوٹہ سرکاری اور 50 فیصد نجی حج سکیم کیلئے مختص ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پاکستانی 20سے25 دن کا حج بھی کرسکیں گے۔