آسٹریلوی کپتان سے رضوان کیخلاف بیان دلوانے کی بھارتی صحافی کی کوشش ناکام

10-20-2023

(ویب ڈیسک) بھارت کے متعصب صحافی کو پاکستانی بیٹر محمد رضوان کیخلاف آسٹریلوی کپتان سے بیان دلوانے کی کوشش میں منہ کی کھانا پڑ گئی۔

ورلڈ کپ میں پاکستان آسٹریلیا میچ سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس میں بھارت کے ایک متعصب صحافی نے سری لنکا کیخلاف میچ میں فتح گر اننگ کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ مظلوم فلسطینیوں کے نام کرنے کے پاکستانی بیٹر محمد رضوان کے اقدام کو اپنے انداز میں حماس سے منسوب کر دیا اور پیٹ کمنز سے اپنا من پسند متنازع بیان دلوانے کی کوشش کی۔ تاہم بھارتی صحافی کو اس وقت منہ کی کھانا پڑی جب پیٹ کمنز نے اس کے لفظوں کے جال میں پھنسنے سے بچتے ہوئے کہا کہ میں کھلاڑیوں کا اچھا اور مضبوط کردار دیکھنا پسند کرتا ہوں۔   واضح رہے کہ محمد رضوان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں سری لنکا کیخلاف اپنی شاندار پرفارمنس پر ملنے والا مین آف دی میچ ایوارڈ غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کیا تھا جس پر انکی آئی سی سی سے شکایت کی گئی تھی تاہم آئی سی سی نے اسے ان کا انفرادی معاملہ قرار دیا تھا۔