پاکستان ایک مضبوط حریف، چند کھلاڑی کافی خطرناک ہیں: آسٹریلوی کپتان

10-20-2023

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کی تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور پاکستان ایک مضبوط حریف ہے۔

پیٹ کمنز نے پاکستان کے خلاف میچ سے قبل بنگلورو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اچھی بولنگ کریں۔ پیٹ کمنز نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں چند کھلاڑی ہیں جو خطرناک ہیں، پاکستان کے فاسٹ بولر اچھے ہیں، شاہین ایک اچھا بولر ہے، رضوان بھی فارم میں ہیں۔ آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط حریف ہے، بنگلورو میں اچھی پچ کی توقع ہے، یہاں بیٹنگ کے لیے آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں مڈل اوورز کافی اہم ہوتے ہیں، ورلڈ کپ میں ہر ٹیم اچھی ہے، یہاں دس بہترین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، کوئی بھی میچ آسان نہیں، ہر میچ میں سو فیصد دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈکپ میں میچ آج جمعہ کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔