آسٹریلیا کیخلاف میچ میں غلطیاں نہیں دہرائیں گے: سعود شکیل

10-19-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے ورلڈ کپ میں پاکستانی شائقین کی عدم موجودگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں بہت زیادہ دباؤ میں آنے کی پاکستان کو بھاری قیمت چکانی پڑی۔

احمدآباد میں ہفتے کو ایک لاکھ 32ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی اور سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے تماشائیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی۔ سعود شکیل نے عالمی خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہم اضافی دباؤ میں تھے تو ہم نے اس سے نکلنے اور شاٹس کھیلنے کی کوشش کی۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی شائقین کو ویزے جاری نہیں کیے گئے اور سٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین برطانیہ اور امریکا میں رہنے والے پاکستانی تارکین وطن تھے۔ سعود شکیل نے کہا کہ جب میدان میں آپ کے حامی تماشائی ہوتے ہیں تو آپ کو سپورٹ ملتی ہے، ہمیں وہ سپورٹ نہ مل سکی اور یہ بات ہمارے ہاتھ میں نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے میچ میں جو غلطیاں کی ہیں ہم انہیں نہیں دہرائیں گے، وہ میچ گزر چکا ہے اور اگر ہم آسٹریلیا کے خلاف جیت جاتے ہیں تو ہماری پوزیشن بہتر ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی ٹیم ہمیشہ پرفارم کرتی ہے، وہ ایک اچھی ٹیم ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہماری ٹیم کن شعبوں میں مضبوط ہے اور ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ ہم نے دو فتوحات کے ساتھ ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز کیا تھا، ہم ایک ایک میچ کرکے آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور جوغلطیاں بھارت کے خلاف میچ میں کی ہیں وہ نہیں دہرائیں گے۔ پاکستان کی ٹیم اب اپنے اگلے میچ کے لیے بنگلورو میں موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا سے ہوگا۔