پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن میں آج سے بہتری آئے گی: ترجمان

10-19-2023

(ویب ڈیسک) پی آئی اے نے پروازوں کے شیڈول میں بہتری آنے کی خوشخبری سنا دی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آج 19 اکتوبر سے پروازوں کا شیڈول بہتر ہوجائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کا شیڈول معمول کی جانب گامزن ہے، آج 19 اکتوبر سے پروازوں کے شیڈول میں بہتری آئے گی۔ ایک جاری بیان میں ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ایندھن کی فراہمی کیلئے پی آئی اے نے اپنے وسائل سے فنڈز کا بندوبست کرلیا ہے اور آج 19 اکتوبر (جمعرات) سے قومی ایئر لائن کی پروازوں کے شیڈول میں مزید بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ پی آئی اے پاکستان سٹیٹ آئل کی کئی ارب روپے کی نادہندہ ہے جس کے باعث پی ایس او نے قومی ایئر لائن کو فیول کی فراہمی بند کردی، فیول کی کمی کے باعث پی آئی اے کی درجنوں پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔