دلکش اور سوہنا لاہور منصوبے ادھورے، اب مال روڈ کو خوبصورت بنانے کی بازگشت

10-19-2023

لاہور:(سہیل قیصر) "دلکش لاہور" اور "سوہنا لاہور" منصوبوں کی عدم تکمیل کے بعد اب مال روڈ کوخوب صورت بنانے کا ڈول ڈال دیاگیا۔

لاہور کو خوب صورت بنانے کے لیے 2012 میں دلکش لاہور کے نام سے ایک منصوبے کاخوب ڈھنڈوراپیٹا گیا،منصوبے کے تحت  ٹاؤن ہال میں ریسرچ سنٹر اور شہرکے مختلف حصوں کو خوب صورت بنایا جانا تھا۔ اِس منصوبے کا شور تھما  تو سوہنا  لاہور منصوبے کا ڈھول بجنے لگا، یہ دونوں منصوبے تو راستے میں ہی کہیں دم توڑ چکے ہیں اور اب شاہراہ قائد اعظم کوخوب صورت بنانے کے لیے 1 ارب 35 کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت6.9کلومیٹر  طویل شاہراہ قائد اعظم کی کارپٹنگ پر 90کروڑ،پنجاب اسمبلی چوک میں تاریخی فوارےکی  بحالی پر دوکروڑ اور خود کار لائٹ پولز کی تنصیب پر 26 کروڑروپے خرچ ہوں گے،شاہراہ کے 11چوکوں پر خوب صورت سائن بورڈز بھی آویزاں کیے جائیں گے۔  لیکن شہریوں  کی جانب سے یہ تحفظات بھی موجودہیں کہ یہ بیل بھی منڈھے چڑھے گی یانہیں۔