فوڈ سیفٹی ٹیموں کا مصطفی آباد روڈ پر واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ

10-18-2023

(لاہور نیوز) جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف ایکشن جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مصطفی آباد روڈ پر واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مارا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے1ہزار خالی بوتلیں، 65 کریٹ، 4 سلنڈر، 5 نیلے ڈرم، آر او پلانٹ، فلٹریشن پلانٹ ضبط کر لیا گیا۔ 5 فلنگ مشینیں، ویٹ مشین، سٹیل ٹب، لیبل اور چولہے بھی تحویل میں  لے لیے گئے۔ کھلے رنگ، کیمیکلز اور ناقص پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں۔  ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں، کیمیکلز سے تیار محلول پیکنگ کے لیے تیار رکھا پایا گیا۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ جعلی ڈرنکس کو لاہور میں مختلف چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ جعلی بوتلوں پر لگی اصل جیسی نقل پیکنگ لگا کر شہریوں کو گمراہ کیا جاتا ہے۔  راجہ جہانگیر انور  نے کہا جعلی ڈرنکس کا استعمال جگر اور گردوں کے انفیکشن میں مبتلا کر سکتا ہے۔ ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرنے والے مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہے۔ خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، جعلسازی کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔