ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کو شہریوں نے مسترد کر دیا

10-18-2023

(لاہور نیوز) ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 سے 20 فیصد کمی کو شہریوں نے مسترد کر دیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی بھی شہریوں کو ریلیف نہ دے سکی۔ حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 سے 15 فیصد کمی کا اعلان تو کیا گیا لیکن اصل کرائے وصول نہ کروائے جا سکے۔ شہری کہتے ہیں کہ ایک سال میں کرایوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اب 100 یا 200 روپے کم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک عام استعمال کی چیزیں سستی نہیں ہوں گی ریلیف نہیں ملے گا۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ مالکان نے نئے کرایوں کی لسٹ بنا کر آویزاں کر دی جس کے مطابق لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 750 روپے سے کم کر کے 700 روپے، سیالکوٹ کا کرایہ 800 روپے سے کم ہو کر 750 روپے، لاہور سے منڈی بہاؤالدین کا کرایہ 1220 روپے اور سرگودھا کا کرایہ 1150 سے کم ہو کر 1100 روپے رہ گیا۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے  تو معمولی کم ہو گئے لیکن عوام کا مطالبہ ہے کہ مہنگائی کی شرح میں مجموعی طور پر بھی کمی کی جائے۔