ایل ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی غفلت کو گورننگ باڈی نے بےنقاب کر دیا

10-18-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ نے گورننگ باڈی کو اندھیرے میں رکھ کر کثیر رقم وصول کرنے کا کیس پیش کیا مگر شعبہ انجینئرنگ کی غفلت کو گورننگ باڈی نے بےنقاب کر دیا۔

ایل ڈی اے نے بغیر کسی تیاری کے سڑکوں کی مرمت و بحالی کا پلان پیش کر دیا۔ ٹریفک کاؤنٹ سروے اور تصاویر کے بغیر گورننگ باڈی کو فنڈز کی استدعا کر دی۔ ایل ڈی اے کی تجاویز پر گورننگ باڈی کا سخت اعتراض سامنے آیا۔  114 سڑکوں کی مرمت کا ایجنڈا مسترد ،  ترجیحی سڑکوں کو بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ ایل ڈی اے نے آئندہ بجٹ میں سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لئے 7 ارب روپے مختص کرنے کی استدعا کی تھی۔ ایل ڈی اے نے گرانٹ اِن ایڈ کے تحت فنڈز کی استدعا کی تھی۔ رائیونڈ روڈ، فیروز پور روڈ سمیت 114 سڑکوں کی مرمت کا پلان بنایا گیا تھا۔ شاہدرہ، شالامار، باغبان پورہ ،مزنگ میں سڑکوں کی مرمت کا ایجنڈا پیش کیا گیا۔ گڑھی شاہو ،تاج پورہ ،تاج باغ، سبزہ زار کی سڑکیں بھی پلان میں شامل تھیں۔ علامہ اقبال ٹاؤن، یتیم خانہ، گلبرگ، چونگی امرسدھو اور ملحقہ آبادیوں میں کارپٹنگ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ نگران وزیر اعلٰی پنجاب نے ایل ڈی اے کے پلان پر کیس سیکرٹری ہاؤسنگ کو بھیج دیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کو ایل ڈی اے ایجنڈے کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کر دی گئی۔