الزام لگایا گیا لیپ ٹاپ سے نوجوانوں کو خریدا جارہا ہے: گورنر پنجاب

10-18-2023

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ لیپ ٹاپ دے کر نوجوانوں کو خریدا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم  سکیم کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب  بلیغ الرحمن نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم کو دنیا بھر میں سراہا گیا، ہم نے بغیر کسی سیاسی  اور مذہبی الحاق کے لیپ ٹاپ دئیے،نوجوان ووٹ دینے سے پہلے تحقیق کریں کس دورِحکومت میں ہر شعبے میں زیادہ  کام ہوا ؟ انہوں نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے سچائی کو داغ دار کیا گیا،قوم کو جان بوجھ کر مایوسی کا شکار کیا گیا، ساڑھے تین سال میں ملکی تاریخ  کا 79 فیصد قرض لیا گیا جس سے ملک میں مہنگائی ہوئی اور ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا ۔ تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود اور ڈی جی آئی ٹی پی یو  ڈاکٹر کامران  نے بھی خطاب کیا،  تقریب میں 26 طلبہ جبکہ مجموعی طور 3600 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے گئے۔