جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ کیس، خدیجہ شاہ کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

10-18-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کے مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ  خدیجہ شاہ نے متنازع ٹویٹ کیا مگر وہ بعد میں ڈیلیٹ کردیا، خدیجہ شاہ نے متنازع ٹویٹ پر معافی بھی مانگی، ریاست ماں جیسی ہوتی ہے جو معافی مانگنے پر شہری کو چانس دیتی ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن کے مطابق خدیجہ شاہ جناح ہاؤس کےباہر نعرے لگاتی پائی گئی، جناح ہاؤس کے اندر آگ لگانے کے پراسیکیوشن کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں، ملزمہ 25 مئی سے گرفتار ہے اور تاحال ٹرائل شروع نہیں ہوا، عدالت جناح ہاؤس کے مقدمے سے دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتی ہے۔  فیصلے کے مطابق  عسکری ٹاور میں خدیجہ شاہ کے اندر داخل ہونے سے متعلق گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے، عسکری ٹاور کے مقدمے میں مزید انکوائری درکار ہے، عدالت خدیجہ شاہ کی پانچ لاکھ روپے مچلکوں کے عوض عسکری ٹاور مقدمے میں ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتی ہے۔ عدالت عالیہ نے فیصلے میں مزید لکھا ہے کہ درخواست گزار نے عسکری ٹاور کے مقدمے میں بھی متنازع ٹویٹ کو ڈیلیٹ کیا اور معافی مانگی۔ یاد رہے کہ  ملزمہ کیخلاف عسکری ٹاور حملے کا مقدمہ گلبرگ تھانے جبکہ جناح ہاؤس حملے کا مقدمہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے درج کررکھا ہے۔