شہباز شریف کا اقوام متحدہ سے اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم پر کارروائی کا مطالبہ

10-18-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم پر کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی، انہوں نے 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ صیہونی ریاست کے وحشیانہ اقدام کی مذمت کے لئے الفاظ کم پڑ گئے ہیں ، حملے میں زیر علاج بچوں، عورتوں اور ضعیفوں کی شہادتوں پر دکھ ناقابل بیان ہے ، نہتے ،بے گناہ اور محصور فلسطینیوں کے سفاکانہ قتل عام پر عالمی خاموشی قاتل ریاست کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا وحشیانہ ارتکاب کر رہا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، اقوام متحدہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب پر کارروائی کرے ، عالمی برادری، سلامتی کونسل عالمی قوانین پر عمل کرائیں، اسرائیل کو بے گناہ انسانوں کے قتل عام سے روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قانون کی پامالی دنیا کے امن کو تباہ کر دے گی، ارض فلسطین پر ظلم کی بڑھتی آگ نہ روکی گئی تو پوری دنیا لپیٹ میں آ جائے گی ، اسرائیل نے صابرا اور شتیلا میں انسانیت کشی کی سفاکانہ روایت دہرائی ، اسرائیلی مظالم پر انسانیت کا سر شرم اور افسوس سے جھک گیا ۔ صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ بیمار اور لاغر بچوں، خواتین اور بیماروں پر بمباری صرف بزدلی ظلم اور بربریت ہے ، اسلامی دنیا متحد ہو کر اس ظلم کو روکنے میں فوری کردار ادا کرے۔