وائرل انفیکشن، عبداللہ شفیق کو قرنطینہ کر دیا گیا

10-18-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ سے قبل وائرل انفیکشن کی زد میں ہیں اوراوپنرعبداللہ شفیق کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کا مورال پہلے ہی گرا ہوا تھا کہ آسٹریلیا سے اہم میچ سے قبل متعدد کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے شدید بیمار اوپنر عبداللہ شفیق کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور انہیں غیر ضروری رابطوں سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ عبداللہ شفیق کے علاوہ شاہین شاہ، سعود شکیل، زمان خان بھی وائرل انفیکشن سے شدید متاثر ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق وائرل انفیکشن کا شکار تمام کھلاڑیوں کے ضروری ٹیسٹ کرائے گئے ہیں اور ان میں سے کسی بھی کھلاڑی میں ڈینگی کی علامات نہیں ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرے کے وقت اسامہ میر بھی فلو کا شکار تھے وہ صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ شاہین شاہ کے آسٹریلیا کے خلاف جمعہ کو میچ سے قبل مکمل فٹ ہونے کی امید ہے۔ قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ کچھ کھلاڑیوں کو پچھلے دنوں بخار ہوا تھا اور ان میں سے بیشتر مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور جو صحت یابی کے مرحلے میں ہیں وہ ٹیم کے میڈیکل پینل کے زیر نگرانی ہیں۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے آغاز پر میزبان بھارت کے ان فارم اوپنر شبھمن گل بھی ڈینگی کا شکار ہونے کے باعث ابتدائی دو میچز نہیں کھیل سکے تھے۔