ورلڈکپ: پاکستانی ٹیم کو بھارت میں وائرل بخار نے گھیر لیا

10-18-2023

(ویب ڈیسک) بھارت میں ورلڈکپ کیلئے موجود پاکستانی ٹیم کو وائرل بخار نے گھیر لیا، کئی کرکٹرزصحت یاب ہوگئے جبکہ بعض اب بھی بحالی صحت کیلیے کوشاں ہیں۔

بھارت سے بدترین شکست کے بعد گرین شرٹس کو پلیئرز کی صحت پر بھی تشویش لاحق ہے، کئی کرکٹرز وائرل بخار کا شکار رہے، البتہ بورڈ نے یہ بات میڈیا سے چھپائے رکھی۔ گزشتہ روز پہلے اعلان ہوا کہ ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا گیا ہے، جب میڈیا میں فٹنس مسائل پر چہ مگوئیاں ہونے لگیں تو پی سی بی نے بیان جاری کیا کہ ٹیم کے کئی کرکٹرز گذشتہ چند روز بخار میں مبتلا رہے،ان میں سے بیشتر اب صحت یاب ہو چکے،دیگر بدستور میڈیکل پینل کی زیرنگرانی بحالی صحت کا عمل مکمل کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی اور اسامہ میر کو بھی بخار تھا تاہم دونوں کی طبیعت اب بہتر ہے، پروٹوکول کے تحت بخار کی علامت پر پلیئرز کے کوویڈ اور ڈینگی ٹیسٹ بھی ہوئے تھے۔ دریں اثنا گذشتہ شام 6 سے رات 8بجے تک ٹیم کا پریکٹس سیشن ہوا،اس میں 12 کھلاڑی شریک ہوئے جبکہ عبد اللہ شفیق، شاہین آفریدی ،محمد رضوان، سلمان علی آغا، محمد حارث اور زمان خان نے ہوٹل میں ہی آرام کیا، کپتان بابراعظم سمیت دیگر پلیئرز نے نیٹ پریکٹس کی، کوچز کھلاڑیوں کی خامیاں دور کراتے نظر آئے، بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف 20 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلے گی، سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اب غلطیوں سے گریز اور تسلسل سے عمدہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔