پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ترکیہ کی سو سالہ جمہوریت اور پاک ترک تعلقات پر سیمینار

10-17-2023

(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ترکیہ کی سو سالہ جمہوریت اور پاک ترک تعلقات پر سیمینار منعقد ہوا۔

پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں پاک ترک تعلقات پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی ترک قونصل جنرل درمش باشتگ  کا خطاب میں کہنا تھا کہ پاک ترکیہ تعلقات بہت گہرے ہیں، اتا ترک نے جدید ترکی کی بنیاد رکھی، تحریک خلافت میں برصغیر کے مسلمانوں نے بہت مدد کی، ترکیہ نے قیام پاکستان کے وقت بھرپور تعاون کیا، کشمیر اور فلسطین پر دونوں ممالک کا مؤقف مضبوط ہے، دونوں قوموں نے ایک دوسرے کی سیلاب اور زلزلوں میں مدد کی۔ ترک قونصل جنرل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ادارے زلزلے میں سب سے پہلے ترکیہ پہنچے، دس برسوں میں 1518 طلبہ کو سکالرشپس تقسیم کر چکے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں جمہوریت کے سو سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ترک عوام نےاپنی زمین اور روایات کے لئے بے مثال قربانیاں دیں، تحریک خلافت سے 1965ء کی جنگ تک دونوں خطوں کے عوام نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ سیمینار سے چیئرمین شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان ڈاکٹر محبوب حسین ، چیئرپرسن شعبہ سیاسیات ڈاکٹر ارم خالد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔