ورلڈ کپ: نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دیدی

10-17-2023

(ویب ڈیسک) انگلینڈ کی افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ورلڈ کپ میں دوسرا اَپ سیٹ ہو گیا، نیدر لینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے دی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم سخت مشکلات کا شکار نظر آئی، پروٹیز کی جانب سے کوئی کھلاڑی کھل کر نہ کھیل سکا۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی اوپننگ پارٹنر شپ 36 رنز پر ٹوٹی، اس کے بعد پروٹیز کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرنے لگیں اور 44 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، اور 207 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ ڈیوڈ ملر 43، ہنریک کلاسن 28 اور گیرالڈ کوئٹزے 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین ڈی بیک نے 3، پال وین میکرن، ری اولف وین ڈیر مروے اور باس ڈی لیڈز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کولن ایکرمین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل دھرم شالا میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا، نیدرلینڈز کی جانب سے وکرم جیت سنگھ 2، میکس او ڈاؤڈ 18، کولن ایکرمین 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سکاٹ ایڈورڈز 78 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کاگیسو ربادا، مارکو جانسن اور لونگی نگیڈی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔