ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا باقاعدہ اعلان نواز شریف جلسے میں کریں گے، مریم نواز
10-17-2023
(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا باقاعدہ اعلان نواز شریف مینار پاکستان جلسے میں کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز سے ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پارٹی قائد نواز شریف کے وژن سے کاروباری برادری کو آگاہ کیا گیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ایجنڈا معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا دلانا ہے، حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں، کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرکے چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف میثاقِ معیشت کو تعبیر دے گا، اداروں کی پھر سے تعمیر کرے گا، بیوروکریسی ،ایف بی آر کی اصلاح کریں گے، نیب کے انتقام کا خاتمہ کر کے کاروباری برادری کے تحفظات دور کریں گے، نواز شریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت اور تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے، اب سرکار نہیں عوام اور نجی شعبہ کاروبار کرے گا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ 16 ماہ کی مختصر ترین مخلوط حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔