ہمارے لیڈر کے قدم اس دھرتی پر پڑیں گے تو ملکی تقدیر بدلے گی: عطا تارڑ

10-17-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جب ہمارے لیڈر کے قدم اس پاک دھرتی پر پڑیں گے اس دن ملک کی تقدیر بدلے گی۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا مشہود اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے گکھڑ میں جلسہ عام سے خطاب کیا، عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میرے حلقے کے عوام اپنے قائد کا والہانہ استقبال کر کے ثابت کریں گے کہ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے، میرے حلقے کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کو یہاں سے جتوا کر ثابت کیا ہے کہ یہ لوگ میاں نواز شریف سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش دیکھ کر میرا دل خوشی سے باغ باغ ہے، ایک یونین کونسل لیول پر اتنے بڑے جلسہ عام کا انعقاد کر کے آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ 21 اکتوبر کو میرے حلقے کے لاکھوں لوگ میاں نواز شریف کا استقبال کرنے لاہور جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ آپ لوگ میاں نواز شریف سے محبت کرتے ہیں تو میاں نواز شریف نے بھی اپنے تمام ادوار حکومت میں اس علاقے کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی، گکھڑ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور یہاں کے عوام بے تابی سے میاں نواز شریف کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اس بار پھر میاں محمد نواز شریف پاکستان کو معاشی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے آرہا ہے، اس بار پھر لوگوں کی تقدیر سنوارنے کا فرض ہمارا قائد ادا کرے گا، اس بار ہمارا قائد مہنگائی کے خاتمے اور معیشت کو سنبھالنے آ رہا ہے، نواز شریف ہماری قوم کی آخری امید ہے، ہمارے قائد کا استقبال تاریخی ہو گا۔