ٹیپا کو ریسورس جنریشن کے لیے نئے اہداف سونپ دیئے گئے

10-17-2023

(لاہور نیوز) کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے ٹیپا کو ریسورس جنریشن کے لیے نئے اہداف سونپ دیئے، حکمت عملی بھی طلب کر لی۔

کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ٹیپا ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ ٹیپا کو خود مختار اور منافع بخش بنانے کے لیے پہلی دفعہ ٹھوس و جامع اقدامات کیے گئے ہیں، شہر کے انڈرپاسز کی بہتری کے لیے ٹیپا نے جامع پلان کے تحت کام کا آغاز کر دیا ہے۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے ٹیپا کو ریسورس جنریشن کے لیے نئے اہداف دیئے اور اس حوالے سے حکمت عملی بھی طلب کر لی۔ ٹیپا کے تمام ونگز کو پوری طرح متحرک کرنے اور کارکردگی جانچنے کے لیے ٹارگٹ بھی متعین کر دیئے۔ اجلاس میں ایم اینڈ آر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کیے گئے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ لاہور کی پانچ لوکیشنز پر پیڈیسٹیریں برجز پر جاری کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے پارکنگ قوانین پر عملدرآمد کے لیے ٹیپا، ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں شہر کی اہم شاہراہوں اور مصروف چوکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چیف انجینئر ٹیپا کو تمام ونگز کی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، کمشنر ڈویلپمنٹ لاہور ڈویژن جاوید رشید چوہان، ایم ڈی واسا غفران احمد، سی ای او ایم سی ایل اقبال فرید، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف، ڈائریکٹر فنانس کاشف عمران، ایل ڈی اے، ٹیپا اور نیسپاک کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔