امام کو آؤٹ کرنے کیلئے گیند پر کیا پھونکا؟ پانڈیا نے رازکھول دیا
10-17-2023
(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے پاکستان کے خلاف میچ میں اوپنر امام الحق کو آؤٹ کرنے کے لیے گیند کو منہ کے قریب لے جانے کی وجہ بتا دی۔
14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کا میچ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ کریز پر پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق جمے تو آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا امام کو آؤٹ کرنے سے قبل کی جانے والی گیند کو منہ کے قریب لے کے گئے ، یہ منظر ایسا لگا جیسے پانڈیا نے گیند پر کچھ پڑھ کر پھونکا ہے۔ اتفاق سے اسی گیند پر امام الحق آؤٹ ہوگئے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے کہنا شروع کردیا کہ پانڈیا نے ضرور کچھ پڑھ کر پھونکا تھا۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے امام کو آؤٹ کرنے کی خاطر اس پر تھوک لگایا۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے سٹار سپورٹس پر جب اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب میں کہا میں نے دراصل گیند پر کچھ پھونکا نہیں تھا بلکہ میں خود کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی لائن اور لینتھ ٹھیک رکھنے کے لیے گیند کو منہ کے پاس لے کر گیا۔ پانڈیا نے مزید کہا میں نے گیند منہ کے پاس لے جا کر خود کو گالیاں دی تھیں۔