مہنگائی کی شرح میں کمی نہ آ سکی، پھل اور انڈے مزید مہنگے

10-17-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کی شرح میں کمی نہ آ سکی ۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں سبزیاں ، پھل اور انڈے مزید مہنگے ہو گئے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کی شرح میں اضافہ برقرار ہے۔ سبزیاں ، پھل اور پولٹری مصنوعات پہنچ سے باہر ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 10 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دئیے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں ٹینڈے دیسی 180 ، آلو 120 ، کھیرا 80 روپے فی کلو ہے۔ کریلے 130 ، پھول گوبھی اور شلجم 140 ، شملہ مرچ 280 روپے فی کلو بیچی جا رہی ہے۔ اروی 190 ، مٹر 600  اور گھیا توری 120 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ پھلوں کی خریداری بھی بدستور مشکل ہے۔ انار بدانہ 800 ، پپیتا 350 اور آم 460 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ برائلر گوشت 12 روپے کمی کے بعد 474 روپے فی کلو ہو گیا تاہم برائلر گوشت کی خریداری جیب پر بدستور بھاری ہے۔ انڈے مزید 2 روپے مہنگے ، 316 روپے فی درجن ہو گئے۔ مارکیٹ میں انڈے 330 روپے فی درجن تک مل رہے ہیں۔ مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں پر کہیں عملدرآمد دکھائی نہیں دے رہا۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔