عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کی تقریب، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی شرکت

10-17-2023

(لاہور نیوز) عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کی باوقار تقریب کا اہتمام الحمرا ہال میں کیا گیا۔ مہمان خصوصی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان تھے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ خصوصی افراد ثابت کرتے ہیں کہ حوصلہ اور جذبہ ہو تو کامیابی ملتی ہے، ان کے مسائل حل کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمے داری ہے  جس کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔  تقریب کا اہتمام بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن پنجاب نے کیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے  تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ سفید چھڑی سے آپ اندھیروں سے لڑتے آگے بڑھتے جاتے ہیں، معاشرہ آپ کو جگہ اور مقام دے تو آپ اپنا آپ منواتے  ہیں، آپ کی معذوری آپ کی نہیں پورے  معاشرے کی آزمائش ہے، ہمیں کبھی مایوس نہیں ہونا چاہئے، سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔  گورنر پنجاب بلیغ الرحمان  نے وعدہ کیا کہ بطور گورنر میں ہدایت کروں گا کہ سرکاری محکموں میں خصوصی افراد کو اہمیت دی جائے، کوئی بھی عمارت تعمیر ہو تو اس میں خصوصی افراد کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت کروں گا کہ ایسے انتظامات کریں کہ سماعت اور بصارت سے محروم افراد بھی لائبریری سے  فائدہ اٹھا سکیں، گورنر ہاؤس کا بھی ایک قدیم حصہ خصوصی افراد کی سہولیات کیلئے آراستہ کیا  جا رہا ہے۔ یوم سفید چھڑی کی تقریب میں ہر طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی ۔ خصوصی افراد کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ اویس، ڈاکٹر محمد احمد شیخ اور بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کئے۔