پاکستان میں انٹرنیشنل فٹبال کی رونقیں بحال، آج کمبوڈیا سے مقابلہ ہوگا

10-17-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان میں 8 سال بعد انٹرنیشنل فٹبال کی رونقیں بحال ہوگئیں، فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائرز میں پاکستان کا مقابلہ آج کمبوڈیا سے ہوگا۔

ایشین فٹبال کانفیڈریشن (اے ایف سی) کے زیراہتمام ورلڈکپ کوالیفائرز کے پہلے راؤنڈ کا دوسرا میچ آج کمبوڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کمبوڈیا میں کھیلا جانے والا پاکستان کمبوڈیا کا پہلا کوالیفائنگ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ کمبوڈیا کے خلاف آج کا میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان فٹبال ٹیم ورلڈکپ کوالیفائر کے گروپ جی تک رسائی حاصل کرلے گی۔ گروپ جی میں سعودی عرب، تاجکستان اور اردن کی ٹیمیں پہلے ہی موجود ہیں۔ خیال رہے کہ فیفا کی جانب سے ورلڈکپ 2026 کیلئے پہلی مرتبہ 32 کے بجائے 48 ٹیموں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس طرح اے ایف سی میں شامل 3 ٹیمیں ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرسکتی ہیں۔