ورلڈکپ: پاک بھارت میچ لائیو دیکھنے کا نیا ریکارڈ بن گیا

10-17-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان لائیو سٹریمنگ کے ذریعے میچ دیکھنے والوں کے سابقہ تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی لائیو سٹریمنگ ناظرین کی تعداد 3.5 کروڑ (35 ملین) تک پہنچ گئی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ لائیو سٹریمنگ کے ذریعے 2.8 کروڑ لوگوں نے دیکھا تھا۔ قبل ازیں سال 2023 میں انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کا فائنل 3.2 کروڑ ناظرین نے لائیو سٹریمنگ کے ذریعے دیکھا تھا۔ واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے ڈیجیٹل رائٹس ڈزنی + ہاٹ سٹار انڈیا کے پاس تھے جس نے یہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں جبکہ کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف ایڈمنز کی جانب سے بھی شائقین کرکٹ نے لائیو میچ دکھایا تھا جس کے ناظرین کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے۔