گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سوئمنگ پول پراجیکٹ کا افتتاح

10-17-2023

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سوئمنگ پول پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر کھیل وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ محکمہ سپورٹس پنجاب کی جانب سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں بین الاقوامی معیار کا سوئمنگ پول کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے،پراجیکٹ کو 15 کروڑ روپے کی مختص رقم سے 18 ماہ کی قلیل مدت مکمل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ سوئمنگ پول طلبہ کے لئے کھول دیا گیا،محکمہ سپورٹس صوبہ بھر میں کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے،لاہور،جھنگ، رحیم یار خان اور راولپنڈی میں سوئمنگ پول پراجیکٹ تعمیر کئے گئے ہیں۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ امید ہے منصوبوں سے پنجاب میں سوئمنگ کے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں مدد ملے گی،گورنمنٹ کالج ملک کا معروف تعلیمی ادارہ ہے اور اس کا کھیلوں کی ترویج میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے،پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ سپورٹس بورڈ کی ٹیم منصوبے کی بہترین تکمیل پر داد کی مستحق ہے۔ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر اصغر زیدی اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن شریک ہوئے، ڈپٹی ڈائریکٹر رؤف باجوہ اور پی ڈی پی ایم یو سپورٹس بورڈ پنجاب قیصر رضا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔