سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

10-17-2023

(ویب ڈیسک)سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر آج فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان پر فرد جرم آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت  کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی۔ ایف آئی اے کی ٹیم، تفتیشی افسر،سرکاری پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اورسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے شاہ خاور سماعت کیلئے اڈیالہ جیل میں موجود تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بٹ، خالد یوسف اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی جیل میں موجود رہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالتی حکم کے مطابق ملزمان پر فرد جرم آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی۔ گزشتہ سماعت پر چالان کی نقول تقسیم نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی نہیں ہوسکی تھی تاہم عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں اور کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔