محسن نقوی پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو پہنچانے کیلئے متحرک

10-17-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچانے کے لیے متحرک ہو گئے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے لاری اڈے کا دورہ کیا اور  لاہور سے مختلف شہروں کی طرف جانے والی بسوں میں موجود مسافروں سے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مسافروں سے کرائے میں کمی کے بارے دریافت کیا ۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی بسوں اور وینز میں گئے اور مسافروں سے نئے کرائے کے بارے پوچھا ،مسافروں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پشاور جانے کا کرایہ پہلے 2200 روپے تھا اب 2ہزار روپے ہوگیا ہے،فیصل آباد جانے کا کرایہ850سے کم ہوکر 800روپے ہوگیا ہے۔ بعض مسافروں نے شکایت کی کہ ابھی ہم سے پرانا کرایہ ہی لیا جارہا ہے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہاکہ صوبے کے عوام کوریلیف دینا ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی جو ہر طرح نبھاؤں گا۔ صوبائی وزراعامر میر،ابراہیم حسن مراد،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔