سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں ضمانت منظور

10-16-2023

(ویب ڈیسک) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اپنے وکیل کے ہمراہ توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔ دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس سے استفسار کیا کہ کافی عرصہ ہو گیا آپ کو دیکھا نہیں جس پر جج  نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب نارکوٹکس کی عدالت کا انچارج مل گیا ہے۔ وکیل  نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نمٹائی اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا، ڈیوٹی جج نے پوچھا بشریٰ بی بی کہاں ہیں؟ ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے بعدازاں بشریٰ بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا جس پر سابق خاتون اول روسٹرم پر آ گئیں تاہم اس سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کی کسی عدالت میں بشریٰ بی بی روسٹرم پر نہیں آئیں۔ بعدازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کی 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں 31 اکتوبر تک ضمانتیں منظور کر لیں۔