اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں:محسن نقوی
10-16-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن خالد محمود نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی وخوشحالی کے مضبوط پارٹنر ہیں،سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،برطانیہ میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں،بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنے کام سے نام پیدا کیا ہے،محسن نقوی عوامی خدمت پریقین رکھتے ہیں،مختصر عرصے میں محسن نقوی نے کئی برس کا کام کیا ہے۔