شہر میں ٹھنڈک کا احساس بڑھتے ہی انڈے مہنگے ہونے لگے

10-16-2023

(لاہور نیوز) شہر میں ٹھنڈک کا احساس بڑھتے ہی انڈے مہنگے ہونے لگے۔ مارکیٹ میں انڈے 330 روپے فی درجن تک جا پہنچے۔

موسم نے کروٹ بدلی تو پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ فارمی انڈے غریب کی پہنچ سے کوسوں دور ہو گئے۔ انڈے 3 روپے مہنگے ہو کر 314 روپے فی درجن ہو گئے تاہم مارکیٹ میں انڈے 330 روپے درجن تک بیچے جا رہے ہیں۔ برائلر کی قیمت مستحکم رہی، مرغی کا گوشت 486 روپے فی کلو ہے۔ ہول سیل میں زندہ برائلر فی کلو قیمت 315 روپے اور پرچون میں 324 روپے فی کلو مقرر ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی  سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس فروخت معمول بن گیا۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 110 ، ٹماٹر 130 ، لہسن ہرنائی 580 روپے فی کلو ہے۔ ادرک ایک ہزار 450 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ سیب کالا کولو 350 ، آڑو 480 روپے فی کلو مل رہے ہیں۔ کیلے درجہ اول 160 روپے  فی درجن دستیاب ہیں۔ عوام کہتے ہیں مہنگائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ خریداری انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔ مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔