ذکاء اشرف کی تقرری: الیکشن کمیشن اور وزارت بین الصوبائی امور سے جواب طلب
10-16-2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی تقرری کے خلاف الیکشن کمیشن، وزارت بین الصوبائی امور اور ذکاء اشرف کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی تقرری کے خلاف شہری کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت جسٹس شکیل احمد نے کی، درخواست گزار کی طرف سے چودھری آصف شہزاد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذکاء اشرف سیاسی جماعت کے رہنما ہیں اور سپورٹس کی کوالیفکیشن پر پورا نہیں اترتے۔ وکیل کے مطابق ذکاء اشرف کو سیاسی بنیادوں پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی لگا دیا گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت یہ تقرری نہیں ہو سکتی۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ذکاء اشرف کی تقرری کالعدم قرار دے۔ بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن، وزارت بین الصوبائی امور اور ذکاء اشرف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔