شہر کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار، خنکی میں اضافہ

10-16-2023

(لاہو رنیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار اور خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، کینال روڈ ، دھرم پورہ، لکشمی چوک، نسبت روڈ  کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، کاہنہ ، گجومتہ، فیروز پور روڈ، ساندہ، اچھرہ، چونگی امرسدھو ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ میں بھی بادل برسے، گلبرگ، گلشن راوی  اور دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بونداباندی ہوئی۔ علی الصبح ہونے والی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیاجبکہ درجہ حرارت کم ہونے کے باعث خنکی میں اضافہ ہوا ہے، لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی کی توقع کی جارہی ہے۔