فوڈ سکیورٹی کےنیشنل ایجنڈے میں لائیو سٹاک ترجیحی سیکٹر ہے:ابراہیم مراد

10-15-2023

(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ فوڈ سکیورٹی کے نیشنل ایجنڈے میں لائیو سٹاک ترجیحی سیکٹر ہے۔

نگران صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے گوالہ کالونی میں مویشیوں کے باڑوں کا دورہ کیا، ابراہیم مراد نے مویشیوں کی دیکھ بھال اور خوراک  کی فراہمی کے عوامل کا جائزہ لیا ۔ وزیر لائیو سٹاک نے گوالوں کو باڑوں کی صفائی یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں، نگران صوبائی وزیر سے مقامی کاشتکاروں اور مویشی پال افراد نے ملاقات بھی کی، ابراہیم مراد نے گوالوں سے مسائل، مویشیوں کی خوراک اور دودھ کی پیداوار بارے استفسار کیا اور بیمار جانوروں کے علاج معالجے کی سہولیات بارے بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران صوبائی  وزیر ابراہیم مراد نے کہا کہ آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں دودھ کی زیادہ پیداوار کے حوالے سے مقابلہ کروایا جائے گا، فوڈ سکیورٹی کے نیشنل ایجنڈے میں لائیو سٹاک ترجیحی سیکٹر ہے،معیاری دودھ کی پیداوار بڑھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  کے ویژن کے مطابق اس سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، بیمار مویشیوں کے علاج معالجے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک خصوصی اقدامات کررہا ہے۔