محکمہ ماحولیات کا انسداد سموگ اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ

10-15-2023

(لاہور نیوز) محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے انسداد سموگ اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہر میں بارش کے بعد ایئر کوالٹی انڈکس صرف 57 رہ  گیا، بارش سے کم ہونے والی فضائی آلودگی کی سطح کو برقرار رکھنے کے لئے حکام متحرک ہو گئے۔ ترجمان ادارہ ماحولیات کے مطابق ڈی جی ماحولیات نے انسداد سموگ سکواڈز کو 24 گھنٹے فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اینٹی سموگ سکواڈز کے ایکشن کی بھی جانچ ہو گی اور سینئر افسران مختلف علاقوں میں  سرپرائز کراس چیکنگ  کریں گے۔ ترجمان  ادارہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں میں قائم 23  پلانٹس کے بجلی کے کنکشن منقطع کئے گئے، 112 انڈسٹریل یونٹس کی چیکنگ جبکہ  42 کو سِیل اور   72 کو نوٹس جاری ہوئے۔ ڈی جی ماحولیات ظہیر عباس نے کہا ہے کہ سموگ کنٹر ول سسٹم لگائے بغیر کسی یونٹ کو آپریٹ نہیں کرنے دیا جائے گا  تاکہ بارشی سپیل کا بھرپور فائدہ برقرار رکھا جائے۔