الیکشن کمیشن کی تمام اہل ووٹرز کو اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنانے کی ہدایت
10-15-2023
(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 اکتوبر سے قبل تمام اہل ووٹرز کو اپنے اور اہل خانہ کے ووٹ کا اندراج یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ووٹ کے اندراج میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں، تمام اہل پاکستانی اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں، 25 اکتوبر 2023 کو ملک بھر میں تمام انتخابی فہرستوں کو منجمد کر دیا جائے گا جس کے بعد کسی بھی ووٹ کا نہ ہی اندراج ہو سکے گا اور نہ ووٹ کی منتقلی ہو سکے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ 28 ستمبر سے 25 اکتوبر 2023 تک انتخابی فہرستوں کو غیر منجمد کیا ہوا ہے، 25 اکتوبر 2023 تک تمام اہل افراد جن کے پاس شناختی کارڈ موجود ہو وہ اپنے ووٹ کا اندراج کروا سکتے ہیں، تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بطور رجسٹریشن آفیسر تعینات ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ووٹ کے اندراج میں تمام افراد کو مکمل سہولت دی جارہی ہے ،ووٹ کا اندراج اور منتقلی فارم 21 پر ہوتی ہے ، اگر کوائف یا ایڈریس میں کوئی غلطی ہو تو وہ بھی درست کی جا سکتی ہے،قبل ازیں انتخابی فہرستوں کو ملک بھر میں 20 جولائی 2023 کو منجمد کر دیا گیا تھا۔ ترجمان ای سی پی نے بتایا کہ ووٹ کا اندراج ووٹر کے شناختی کارڈ کے مطابق مستقل یا موجودہ پتہ پر کیا جاتا ہے، سرکاری ملازمین اگر کسی دوسرے ضلع یا صوبے میں تعینات ہیں تو اپنی پوسٹگ والی جگہ پر اپنا اور فیملی کا ووٹ درج کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اہل افراد آئندہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر یں گے، ایسے تمام افراد جن کو 25 اکتوبر 2023 تک شناختی کارڈ جاری ہونگے ان کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے گا۔