نگران وزیراعظم کا کپاس کی مقرر کردہ قیمت سے کم پر خرید کا نوٹس

10-15-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکومت کی جانب سے کپاس کی مقرر کردہ قیمت سے کم پر خرید کا نوٹس لے لیا۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو سپورٹ کرنے کیلئے کپاس کا کم سے کم نرخ مقرر کیا تھا لیکن دیکھا جا رہا ہے کہ بعض جگہ کپاس اس سے بھی کم قیمت پر خریدی جا رہی ہے،  ملک میں کپاس کی فصل اچھی ہونا خوش آئند ہے لیکن اس کا تمام تر فائدہ کسان تک پہنچنا چاہیے۔ وزیراعظم نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو نوٹس لینے اور فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ کپاس کی خرید حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمت پر ہی ہو تاکہ کسان کو نقصان سے بچایا جا سکے۔