فلسطینیوں کے نام ایوارڈ کرنے پر بھارتی شائقین کے رضوان کیخلاف نامناسب نعرے

10-15-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد اپنے مین آف دی میچ ایوارڈ کو فلسطینیوں کے نام کرنے والے محمد رضوان کو بھارتی شائقین کے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑگیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھارت کے خلاف میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ رہے تھے کہ بھارتی شائقین انہیں سیڑھیوں پر نامناسب مذہبی نعرے لگا کر اکسانے کی کوشش کررہے تھے۔ کپتان بابراعظم اور رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 82 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی جس سے شائقین کرکٹ پر سکتہ طاری ہوگیا تھا تاہم بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد جب رضون کو بمراہ نے کلین بولڈ کیا تو شائقین کرکٹ کی جانب سے وکٹ کیپر پر نامناسب سخت جملے کسے گئے۔ انہوں نے احمد آباد میں 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد بھارتی شائقین کی موجودگی میں بھارت کے 49 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھی سوال اُٹھایا کہ ورلڈکپ آئی سی سی کا نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ایونٹ لگ رہا ہے۔