عدنان صدیقی قومی کرکٹ ٹیم کی حمایت میں بول پڑے

10-15-2023

(ویب ڈیسک) سینئر اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں بھارتی شائقین کے سامنے مخالف ماحول میں کھیلنے پر قومی کرکٹرز کو کریڈٹ دینا چاہیے۔

گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈ کپ کے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرکے 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا، پاکستان کی بدترین شکست پر شائقین بےحد مایوس ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کی جانب سے پاکستانیوں کا مذاق بھی اُڑایا جارہا ہے۔ پاکستان کی شکست پر شوبز ستارے بھی افسردہ ہیں لیکن سینئر اداکار عدنان صدیقی نے قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔     عدنان صدیقی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ‘سب کی طرح، میں بھی بھارت کے خلاف پاکستان کی شکست پر مایوس ہوں لیکن ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے’۔ اداکار نے کہا کہ ‘ہمارے کھلاڑیوں نے مخالف ماحول میں ہزاروں مخالفین بھارتی شائقین کے سامنے کھیلا، ہمیں اس پر اپنی قومی ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے’۔ اُنہوں نے کہا کہ ‘اس پر شاید ہی کوئی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے گا، ہم پھر بھی ان سے محبت کرتے ہیں’۔ واضح رہے کہ پاکستان کا 192 رنز کا ہدف بھارت نے 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بنایا، روہت شرما نے 63 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ شاندار بولنگ پر جسپریت بمراہ مین آف دی میچ قرار پائے۔